مصری فوجی کونسل نے جنرل السیسی کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کی توثیق کر دی

Egypt

Egypt

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کی فوجی کونسل نے فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کی توثیق کر دی ہے۔

فوج کے ترجمان کرنل احمد محمد علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مصری فوج کے جرنیلوں کی اعلیٰ کونسل سپریم کونسل آف آرمڈ فورسز کے اجلاس میں جنرل عبدالفتح السیسی کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی پر تفصیلی غور کیا اور تمام امور پر تبادلہ خیال کے بعد اجلاس کے شرکا کی اکثریت نے اس کی توثیق کردی ہے تاہم عبدالفتاح السیسی نے اپنی صدارتی نامزدگی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

دوسری جانب محمد مرسی کو عہدہ صدارت سے ہٹانے کے لئے مظاہروں میں شامل کئی سیاسی جماعتوں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صدارتی انتخابات کو ایک ایسے کھیل سے تعبیر کیا ہے جس میں ایک ہی کھلاڑی حصہ لے رہا ہو۔

واضح رہے کہ عبدالفتاح السیسی نے ہی گزشتہ برس جولائی میں مصر کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر محمد مُرسی کی حکومت کا تختہ الٹا تھا جبکہ گزشتہ روز ہی انہیں مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے ترقی دیتے ہوئے فوج کا اعلی ترین عہدہ ‘فیلڈ مارشل’ تفویض کیا تھا۔