کراچی (جیوڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے مسلم لیگ ن کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقات کے بعد سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے مسلم لیگ ن کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے 9 ماہ میں ان سے کوئی ملاقات یا کسی بات پر مشاورت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے میاں صاحب کو ووٹ دیئے انہیں تو ساتھ لے کر چلنا چاہئے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں عہدے کی ضرورت نہیں، صرف ورکرز کی داد رسی چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ساتھیوں کے مشورے سے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری زمینوں پر قبضے ہوئے، میرے بیٹے پر قتل کا مقدمہ بنا، ہم نے چھ سال مقابلہ کیا لیکن ساست میں ذاتیات نہیں ہوتیں، سب کے لئے دروازے کھلے رہتے ہیں۔