اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت میں غداری کیس کی سماعت سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل کی استدعا پر کل تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت کے دوران پرویز مشرف غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل رپورٹ پر استغاثہ کی جانب سے اعتراضات کی نقل موصول ہو گئی ہے مگر وہ اعتراضات کا جائزہ نہیں لے سکے، انہیں مہلت دی جائے۔
خصوصی عدالت میں پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر تحریری اعتراضات بروقت جمع کرا دیئے ہیں، تحریری اعتراضات کی نقل وکلاء صفائی کو بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
سابق صدر کے وکیل انور منصور نے عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ میں 29 جولائی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست زیر سماعت ہے، خصوصی عدالت میں کارروائی ملتوی کی جائے۔ پرویز مشرف کے وکلاء کی ٹیم سپریم کورٹ میں مصروف ہے، انور منصور کا کہنا تھا کہ انہوں نے نے بھی سپریم کورٹ جانا ہے۔
جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے حکم امتناعی جاری نہیں کیا تو کارروائی نہیں روکی جا سکتی۔ خصوصی عدالت میں پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔