اُردو یونیورسٹی میں 31 جنوری کو پروگرام
Posted on January 29, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
حیدرآباد: 28 جنوری (کامران غنی صبا۔ بیوروچیف۔ انڈیا) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے 31 جنوری 2014ء بوقت سہ پہر 3 بجے’ سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں ”ایک شام مجتبیٰ حسین کے ساتھ” کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر جناب مجتبیٰ حسین اپنے مزاحیہ مضامین سنائیں گے۔ اُردو یونیورسٹی کے نائب شیخ الجامعہ ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد جلسے میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین’ اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ تعلیم نسواں پدم شری مجتبیٰ حسین کا تعارف پیش کریں گی۔ گذشتہ برس ممتاز مزاح نگار جناب مجتبیٰ حسین کے تخلیقی سفر کے پچاس برس مکمل ہوئے ہیں۔
موصوف کی اب تک 30 سے زائد کتابیں شائع ہوچکی ہیں، جنہیں عوام و خواص میں بے حد مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ مجتبیٰ حسین کی ادبی و تخلیقی خدمات کے اعتراف میں حکومت ہند کی جانب سے 2007ء میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ٹیچرس اسو سئیشن کے صدر ڈاکٹر محمد فریاد اور دیگر عہدیداران نے ادب دوستوں سے اس پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔