سینٹ جونز (جیوڈیسک) بگ تھری فارمولے کی حمایت کرنے والا ویسٹ انڈین بورڈ آئندہ 8 برسوں میں دگنی آمدنی کا خواب دیکھنے لگا، ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں پیش کردہ کئی تجاویز کیریبیئن کرکٹ کیلیے فائدہ مند ہیں۔
میڈیا ریلیز میں کہا گیاکہ بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے سوا دیگر فل ممبرز کو ملنے والا سالانہ ٹیسٹ فنڈ ویسٹ انڈیزکو غیر منافع بخش ٹیموں سے ٹیسٹ کی میزبانی پر مالی تحفظ فراہم کرے گا، دوطرفہ معاہدے کے تحت ہمیں غیر منافع بخش دوروں کا پابند بھی نہیں کیا جاسکے گا،
ہماری ٹیم کو ٹیسٹ، ایک روزہ، ٹی 20 اور سیریز میں اضافے کا موقع بھی ملے گا، بورڈ کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی، ای سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے کیریبیئن ٹورز میں اضافے کا وعدہ بھی کیا ہے، ویسٹ انڈیز کو مجوزہ 2 ٹائر ٹیسٹ سسٹم سے بھی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں اس وقت ساتویں پوزیشن پر موجود اور حریفوں سے کافی پوائنٹس کا فرق ہے۔