اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ ہونا چاہئے۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے لیاقت بلوچ اور پروفیسر خورشید احمد کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر وزرا اور حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں، ملاقات کے دوران ملک کی داخلی صورتحال اور طالبان سے مذاکرات کے لئے قائم کمیٹی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملکی سلامتی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر ہونا چاہئے، حکومت عوام اور ریاست کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، انہیں امید ہے کہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکل آئے گا۔