کراچی (جیوڈیسک) پی سی بی نے کے سی سی اے کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹرز فواد عالم، سہیل خان اور انٹرنیشنل کرکٹر خالد لطیف پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
بورڈ کے سینئر جنرل منیجر شفیق پاپا اور قانونی مشیربیرسٹر سلیمان نفیس جمعرات کی صبح نیشنل اسٹیڈیم میں اس حوالے سے سماعت کریں گے، بورڈ نے فریقین کو تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، 2 رکنی کمیٹی بیانات کی روشنی میں اپنی رپورٹ چیئرمین ذکا اشرف کو پیش کرے گی۔
مذکورہ کھلاڑیوں کو گذشتہ مارچ میں قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ رائونڈ میچ میں کراچی ڈولفنز کے کوچ سابق ٹیسٹ اسپنر توصیف احمد سے نازیبا رویہ اختیار کرنے، بدکلامی اور نامناسب زبان استعمال کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا، کے سی سی اے کونسل نے 18 اپریل 2013 کو اپنے اجلاس میں 30 سالہ سہیل خان پر ایک برس تک کراچی کی جانب سے کسی بھی ڈومیسٹک میچ میں شرکت نہ کرنے کی پابندی عائد کی تھی، 28 سالہ فواد عالم اور 29 سالہ خالد لطیف پر اگلے قومی ٹی ٹوئنٹی سیزن میں حصہ نہ لینے کی پابندی لگی تھی، یہ ایونٹ 6 فروری سے شیڈول ہے۔