کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گرد کھلے عام دستی بموں سے حملے کر رہے ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومت سنجیدگی سے نوٹس لے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں بم حملوں اور فائرنگ کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گرد کھلے عام دستی بموں سے حملے کر رہے ہیں۔
دہشت گرد قانون کی گرفت سے نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ اپنی مذموم، سماج دشمن اور دہشت گرد سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ایک دن میں کئی بم دھماکے اور دستی بموں سے حملے پرامن شہریوں کیلئے باعث تشویش اور ٹارگٹڈ آپریشن پر سوالیہ نشان ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بم دھماکوں اور دستی بم حملوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔ دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا خاتمہ کیا جائے اور ٹارگٹڈ آپریشن کی سمت کو درست کیا جائے۔