ویلنگٹن (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ نے پانچویں میچ میں بھارت کو 87 رنز سے شکست دیکر سیریز 4-0 سے جیت لی۔ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا نے بھارت سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔ راس ٹیلر کی شاندار بیٹنگ، سیریز میں دوسری سنچری سکور کی۔ کین ولیمسن 88 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی طرف سے کوہلی 82 جبکہ کپتان دھونی 47 رنز بنا سکے۔
نیوزی لینڈ نے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بھارت کو 87 رنز سے شکست دے دی ہے۔ ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات راس ٹیلر کی عمدہ بلے بازی تھی۔ انھوں نے اس سیریز میں لگاتار دوسری سنچری بنائی اور 102 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کین ولیمسن نے بھی 88 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے ورون آرون 2,2 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہ رہا اور اس کے 3 بلے باز 30 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہو گئے۔ سیریز میں کین ولیمسن کی عمدہ بلے بازی آخری میچ میں بھی جاری رہی۔ اس موقع پر ورات کوہلی اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ دھونی تین رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے جبکہ کوہلی نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز وکٹ پر نہ جم سکا اور بھارتی ٹیم آخری اوور میں 216 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نے 4 جبکہ ولیمسن اور ملز نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے یہ سیریز 4-0 سے جیت لی ہے۔
بھارت کو اس سیریز میں پہلے، دوسرے، چوتھے اور پانچویں میچ میں شکست ہوئی جبکہ تیسرا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر رہا تھا۔
سیریز میں شکست کی وجہ سے بھارت کو ایک روزہ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن سے بھی ہاتھ دھونا پڑے ہیں اور اب آسٹریلیا نے اس سے یہ درجہ چھین لیا ہے۔