کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے اتحاد ٹاون میں کالعدم تنظیم سے وابستہ ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے رینجرز کا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، آپریشن میں ایک ہزار رینجرز اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
بلدیہ ٹاون کے علاقے اتحاد ٹاون میں قائم گلشن غازی میں رینجرز کی جانب سے ٹارگٹیڈ آپریشن کیا جا رہا ہے، ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق آپریشن کالعدم تنظیم سے وابستہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر شروع کیا گیا ہے۔
جس کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بھی سیل کر دئیے گئے ہیں اور مشتبہ افراد کے ٹھکانوں اور رہائشی مکانات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، آپریشن میں رینجرز کے ایک ہزار اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
جن میں خواتین اہلکار اور رینجرز کمانڈوز بھی شریک ہیں۔ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے، جن میں سے بعض کا تعلق مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں سے بھی ہے، زیر حراست افراد کے قبضے اور مختلف مکانوں میں تلاشی کے دوران مختلف اقسام کے چھوٹے اور بڑے ہتھیار اور گولیاں بھی ملی ہیں۔