اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومتی مذاکراتی ٹیم نے طالبان کی کمیٹی کا خیر مقدم کیا ہے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے کوآرڈی نیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ یہ کمیٹی امن کوششوں کے لیے مثبت پیش رفت ہے، اب ان ممبران کا گرین سگنل آئے تو مذاکراتی سلسلہ شروع ہو۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ طالبان کی کمیٹی میں شامل تمام شخصیات قابل احترام ہیں، انتظار ہے کہ طالبان کمیٹی گرین سگنل دے تو مذاکرات کا سلسلہ بھی شروع ہو۔
انہوں نے طالبان کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی کو امن کوششوں کی جانب اہم مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ خون ریزی کے خاتمے کے لئے علماء اور دیگر مکاتب سنجیدگی، حقیقت پسندی اور خیر خواہی کے جذ بے کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کامیاب مذاکرات کے لیے علمائے کرام کا کردار سب سے اہم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلا تاخیر امن مذاکرات کے آغاز کے لیے مذاکراتی کمیٹی تمام طبقات کی مدد چاہتی ہے۔