اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے راولپنڈی پولیس کو غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کی ہدایت کر دی جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کیلئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔
وزیر داخلہ چودھری نثار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد اور آر پی او راولپنڈی کی اجلاس کو بریفنگ دی۔ آر پی او راولپنڈی نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ ڈٰیڑہ ماہ میں راولپنڈی میں 153 سرچ آپریشن کیے گئے ہیں ان سرچ آپریشن میں غیر ملکیوں سمیت 630 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سانحہ راجہ بازار میں ملوث 74 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔7 امام بارگاہوں پر حملوں میں ملوث 53 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ چودھری نثار نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سانحہ راولپنڈی میں شہید ہونے والی مسجد کی دوبارہ تعمیر کا آغاز 16 فروری سے ہو جائیگا۔ انہوں نے قبضہ مافیا پر نظر رکھنے کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد کی پولیس کو تعاون بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے، دونوں شہروں میں چھپے ہوئے دہشتگردوں کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے۔
وزیر داخلہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کی ہدایت کی اور کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران رینجرز کی معاونت حاصل کرے۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد اور گردونواح میں غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔
کمیٹی ایڈیشنل سیکریٹری حامد علی خان کی سربراہی میں کام کرے گی۔ وزیر داخلہ کی راولپنڈی پولیس کو غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ رئیٹائرڈ اور غیر متعلقہ افسران سے فورا سیکیورٹی واپس لی جائے، سیکیورٹی کی بہتری کیلئے ہمیں جوانوں کی ضرورت ہے۔