طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوں گے: پرویز رشید

 Pervez Rashid

Pervez Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے، میدان کُھلا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف طالبان سے مذاکراتی عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو طالبان سے مذاکرات کی کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے، میدان کُھلا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں اور مذاکراتی ٹیم بھی بنا دی ہے۔

طالبان کی طرف سے اچھی پیش رفت کا پیغام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ان گروپوں پر حکومت نے نظر رکھی ہوئی ہے جو مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے۔ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ امن قائم ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خضدار میں اجتماعی قبروں پر جوڈیشل انکوائری ہو رہی ہے، حقائق جلد سامنے آ جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو طالبان کی پیشکش کو قبول کرنا چاہیے۔ عمراب خان نے پہلے بھی طالبان کی ترجمان کی ہے۔ اب ان کو باقاعدہ طور پر طالبان کا مقدمہ لڑنا چاہیے۔ میدان سے بھاگنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔