لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے عامر سہیل کو چیف سلیکٹر اور ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ مقرر کر دیا۔ اپنا چارج سنبھالنے کے بعد عامر سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ کو بین الاقوامی سطح تک لے جانا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں سابق کپتان عامر سہیل نے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے ملاقات کی۔ پی سی بی کی جانب سے عامر سہیل کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
سابق کپتان عامر سہیل کے پاس ڈائریکٹر گیم اینڈ ڈویلپمنٹ کا عہدہ بھی ہو گا جو اس سے پہلے انتخاب عالم کے پاس تھا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کراچی ریجنل اکیڈمی کے کوارڈی نیٹر کے طور پر کام کریں گے جبکہ سابق کوچ انتخاب عالم ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈائریکٹر برقرار رہیں گے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس کو قومی ویمن اور جونیئر ٹیموں کا چیف سلیکٹر بنایا گیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم دنیا کے کسی بھی حالات اور کنڈیشنز میں اپنا بہتر کھیل دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق اپنی بہترین فارم کے باعث ٹیم میں جگہ بنائی ہوئی ہے۔ چیف سلیکٹر بننے کے بعد عامر سہیل کا پہلا امتحان ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان ہو گا۔