بگ تھری کے معاملے پر جو مؤقف اختیار کیا تھا اسی پر قائم ہیں، کرس ننزانی

Chris Nenzani

Chris Nenzani

جوہانسبرگ (جیوڈیسک) جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ نے ‘بگ تھری’ تنازعے کے حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس کو جھوٹ کا پلندا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

کرکٹ جنوبی افریقا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ جنوبی افریقا ہارون لوگارٹ کو آئی سی سی میں اہم عہدہ دیئے جانے پر ’’بگ تھری‘‘ کے مجوزہ متنازعہ مسودے کی حمایت کر دے گا اور اس حوالے سے انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارتی کرکٹ بورڈز سے رابطوں میں ہے۔

جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کے صدر کرس ننزانی کا کہنا تھا کہ ’’بگ تھری‘‘ کے حوالے سے آئی سی سی کے دبئی میں ہونے والے اجلاس میں جو اصولی موقف اختیار کیا گیا تھا اسی پر قائم ہیں، یہ بین الاقوامی کرکٹ کے لئے انتہائی مشکل وقت ہے اور اس حوالے سے غلط فیصلوں کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا بین الاقوامی کرکٹ کے معاملات کو تمام بورڈز کے ساتھ مل کر مشاورت کے ساتھ پروفیشنل طریقے سے حل کرنا چاہتا ہے۔