طالبان اسلام کی سربلندی چاہتے ہیں تو کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرائیں: طاہر حسین

کراچی : مسئلہ کشمیر اور کشمیری قوم پر مظالم کا جتنا ذمہ دار بھارت ہے اتنی ہی ذمہ دار پاکستانی اشرافیہ اور وہ استحصالی ٹولہ بھی ہے جس نے مشرف کو اقتدار ہٹانے کیلئے ہر ہتھکنڈہ آزمایا کیونکہ مشرف دور میں مسئلہ کشمیر اپنے حل کے نزدیک پہنچ چکا تھا جبکہ ”کشمیر “ کے تندورپر روٹیاں لگانے والے اس تندور کو ہمیشہ گرم رکھنا چاہتے ہیں اسلئے انہوں نے مشرف کے خلاف سازش رچائی اور اسے جمہوریت کے نام پر اقتدار کے محروم کیا جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پرپیشرفت رک گئی جس کا اعتراف بھارتی وزیراعظم نے بھی کیا ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سینئررہنما شاہد قریشی،جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو، انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید اور سید وصی الدین نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اے پی ایم ایل ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے نام پر احتجاج، ہڑتال،دھرنوں اور اظہار یکجہتی کے ذریعے سیاست چمکانا اور نوٹ بنانا تو سیاسی و مذہبی جماعتوں کا وطیرہ ہے مگر کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے درست سمت پیشرفت کرنا کسی کو قبول نہیں ہے کیونکہ اپنا پیٹ سب کو عزیز ہوتا ہے اور کشمیر کے تندور میں سب کی روٹیاں لگ رہی ہیں۔

طاہر حسین نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر یوں کی نسل کشی کررہا ہے اسلئے طالبان پاکستان میں دہشتگردی اور خود کش حملوں کی بجائے کشمیری مسلمان بھائیوں کا ساتھ دیں اور کشمیر کی آزادی کے خواب کو تعبیر بنائیں پاکستانی عوام کے ذہنوں میں قائم ان کا منفی امیج ختم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں تبدیلی آبادی کی سازش کررہا ہے تاکہ استصواب رائے کی صورت نتائج اس کے حق میں آئیں اور بھارت اس سازش پر مسلمان مملکتوں کی مجرمانہ خاموشی کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں شراکت کا ثبوت ہے۔