ممبئی (جیوڈیسک) پاکستانی صوفی بینڈ میکال کو ممبئی میں پرفارم کرنا تھا۔ اپنی پرفارمنس کے حوالے سے بینڈ کے ارکان ممبئی پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ اچانک بھارتی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے کارکنوں نے دھاوا بول دیا۔
شیو سینا کے ساٹھ سے ستر کارکنوں نے پریس کلب میں شدید ہنگامہ آرائی کی اور پریس کانفرنس کو روک دیا ہندو انتہا پسندوں کا کہنا تھا ممبئی میں کسی پاکستانی شخص یا گروپ کو پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
شیو سینا کے غنڈے اس سے پہلے پاکستانی فنکاروں پر بالی وڈ فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے کی پابندی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ پاکستانی مزاحیہ فنکار شکیل صدیقی بھی ہندو انتہا پسندوں کے تشدد کا نشانہ بن چکے ہیں۔
اداکارہ وینا ملک، عدنان سمیع خان، عاطف اسلم اور دیگر فنکاروں کے خلاف بھی شیوسینا کے انتہا پسند احتجاج کرتے رہے ہیں۔ شیو سینا کے غنڈے بھارت میں پاکستانی کرکٹرز کے کھیلنے پر بھی مظاہرے کرتے رہے ہیں۔