چئیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی البانوی پارلیمنٹ کے صدر علار میتا سے ملاقات

اسلام آباد: سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی البانوی پارلیمنٹ کے صدر علار میتا سے ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پاکستان البانیہ کے پارلیمانی نمائندوں پر مشتمل فرینڈشپ گروپ کے قیام پر اصولی اتفاق کرلیا گیا ہے جبکہ سینیٹر مشاہد حسین نے پاکستان کی جانب سے البانیہ کو دفاعی میدان میں تربیتی تعاون کی پیشکش کو دہرایا۔

البانیہ کے دارالحکومت ترانہ میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی میدان میں تعاون کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے تجارتی وفود کے تبادلے کو بھی زیربحث لایا گیا۔اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین نے البانوی پارلیمنٹ کے صدرکو دورہِ پاکستان کی دعوت دی۔انہوںنے دیگر البانوی راہنماؤں بشمول ڈپٹی فارن منسٹر، چیئر آف فارن ریلشنز کمیشن اور چئیر آف نیشنل سیکیورٹی کمیشن سے بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

البانیہ کے نیشنل ٹیلی وژن ٹاپ چینل نے سینیٹر مشاہد حسین کا خصوصی انٹرویو نشر کیا جبکہ مقامی میڈیا نے اس اہم ترین دورے کو نمایاں کوریج دی۔ البانوی راہنماوں نے پاکستان کی جانب سے کوسوو کو آزاد ریاست تسلیم کیے جانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔