مالاکنڈ، ہزارہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہر طرف برف ہی برف

Snowfall

Snowfall

اسلام آباد (جیوڈیسک) مالاکنڈ، ہزارہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہر طرف برف ہی برف ہے۔ کہیں برفباری کے باعث راستے بند ہونے سے لوگ پریشان ہیں تو کہیں سیاح خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ہزارہ ڈویژن میں نتھیا گلی، گلیات، ناران اور کاغان سمیت متعدد علاقوں میں برفباری جاری ہے جسے دیکھنے کیلیے یہاں بڑی تعداد میں سیاح موجود ہیں۔ مالاکنڈ کی وادیاں بھی برف سے ڈھکی ہوئی ہیں ،چترال اور اپر دیر میں برفباری سے لواری ٹنل اور اپر دیر کی مرکزی شاہراہیں بند ہیں۔

مری میں بھی سیاحوں کا رش ہے اور قریبی علاقوں سے چھٹی کے دن لوگ برفباری دیکھنے یہاں پہنچ گئے ہیں، گلگت بلتستان میں استور اور دیامر کے علاقے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں وادی نیلم، کیل اور وادی گریز میں برفباری سے لوگ گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے ہیں، بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ کوڑک ٹاپ میں برف کی موٹی تہہ جم گئی ہے۔جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔