برسلز (جیوڈیسک) نیٹو کے سیکریٹری جنرل اینڈرز فوگ راسموسین نے کہا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی امریکا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے پر دستخط نہ کر کے آگ سے کھیل رہے ہیں۔
انھوں نے صدر کرزئی کے حالیہ بیانات پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ افغانستان میں اتنی قربانیاں دینے کے بعد نیٹو ممالک افغان حکومت سے تشکر کی امید رکھتے ہیں۔
ایک برطانوی اخبار نے حال ہی میں افعان صدر کے حوالے سے ایک بیان شائع کیا تھا جس میں افغان صدر کا کہنا تھا کہ ہلمند کے صوبے میں اگرکوئی برطانوی فوجی کبھی قدم نہ رکھتا تو وہاں حالات بہتر ہوتے، راسموسین کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ سیکیورٹی کے معاہدے پر نئے افغان صدر دستخط کر دیں گے۔
افغانستان میں 5 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخاب کیلیے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، یہ انتخاب ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب اس سال کے اختتام تک افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کو ملک چھوڑنا ہے اور انھیں افغانستان میں قومی سیکیورٹی فورسز کی استعداد کا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔