کراچی (جیوڈیسک) گھگھر پھاٹک قریب گذشتہ روز بم دھماکے سے متاثر ہونے والے ریلوے ٹریک کو مرمت کے بعد کھول دیا گیا۔ مختلف ریلوے سٹیشنز پر موجود ٹرینیں کراچی کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
گھگھر پھاٹک کے مقام پر گذشتہ روز بم دھماکے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے ٹریک کی مرمت کا کام چھتیس گھنٹے بعد مکمل کر لیا گیا۔ دھماکے کے چھ گھنٹے بعد ایک ٹریک کو بحال کر دیا گیا تھا اور دوسرے ٹریک پر کام جاری تھا۔
جائے حادثہ سے حادثے میں تباہ ہونے والی بوگیوں کو بھی ہٹا لیا گیا۔ ریلوے ٹریک کی بحال کے کام کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔
ریلوے ٹریک کی بحالی کے بعد حیدر آباد، کوٹری اور روہڑی ریلوے سٹیشن پر کھڑی کی جانے والی مختلف ٹرینیں کراچی کی جانب جبکہ کراچی سے اندرون ملک جانے والی ٹرینیں اپنی مقررہ منزل کی جانب روانہ کر دی گئیں ہیں۔