امریکا نے حقانی نیٹ ورک کے تین رہنماؤں کو عالمی دہشت گرد قرار دیدیا

Haqqani Network

Haqqani Network

لندن (جیوڈیسک) امریکا نے حقانی نیٹ ورک کے تین رہنماؤں کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

امریکی حکام نے حقانی نیٹ ورک سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے پر تین افراد یحیی حقانی، سید اللہ جان اور محمد عمر زدران کو خصوصی عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد حقانی نیٹ ورک کے مالیاتی وسائل کو نشانہ بنانا ہے جس سے ان افراد سے منسلک تمام مالیاتی اثاثے منجمد کئے جا سکیں گے۔

امریکا پہلے ہی حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے اور افغانستان میں موجود اتحادی افواج پر ہونے والے حملوں کا ذمہ دار بھی حقانی نیٹ ورک کو ٹھہراتا ہے۔

امریکی محکمہِ خزانہ کے ایک اہلکار ڈیوڈ کوہن نے اس موقعے پر کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں حقانی نیٹ ورک امریکی شہریوں، فوجیوں اور ہمارے وسیع تر مفادات کے لیے ایک خطرہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جہاں پر حقانی نیٹ ورک کی مالیاتی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا موقعہ ملے گا ہم وہاں کارروائی کریں گے۔