لاہور (جیوڈیسک) بارش اور برفباری سے ملک کے اکثر علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
پاراچنار میں بھی برفباری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔ شدید برفباری کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں شوال، رزمک، دتہ خیل اور گڑیو میں برف کی سفید چادر نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
سوات کے بالائی اور میدانی علاقوں میں برفباری سے ہر چیز منجمد ہو کر رہ گئی۔ کوئٹہ اور قلات سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔
تیز اور سرہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں آسمان پر گہرے بادل چھائے ہیں۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ اسلام آباد ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ ملتان، مظفر گڑھ سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت اور بلتستان سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔