پرویز مشرف پیشی سے متعلق سر پرائز دیں گے: وکیل

Ahmed Raza Kasuri

Ahmed Raza Kasuri

اسلام آباد (جیوڈیسک) غداری کیس کی سماعت پھر ہو گی۔ پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا سکتے ہیں۔ احمد رضا قصوری کہتے ہیں سابق صدر سرپرائز دیں گے

یکم فروری کو خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کی درخواست مسترد کر دی تھی اور انہیں سات فروری کو ہر حال میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کر دیئے تھے۔ اسلام آباد پولیس نے تین فروری کو وارنٹ گرفتاری وصول کرائے اے ایف آئی سی میں زیر علاج پرویز مشرف نے وارنٹ وصول کرتے ہوئے عدالت حاضری کی یقین دہانی کرائی تھی۔

آئی جی اسلام آباد وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لئے رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کی عدالت حاضری ڈاکٹروں کی رائے سے مشروط ہے۔ اسپتال سے باہر جانے کی اجازت دیے جانے پر وہ عدالت پیش ہو سکیں گے۔ سابق صدر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا سکتے ہیں۔

ان کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ مشرف پیشی سے متعلق سر پرائز دیں گے جو ملک و قوم کیلئے نیک شگون ثابت ہو گا۔ آل پاکستان مسلم لیگ اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں نے اسلام آباد میں پرویز مشرف کے حق میں مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔