شانگلہ: برفانی تودہ گرنے سے گھر میں موجود 18 افراد دب گئے

Shangla

Shangla

شانگلہ (جیوڈیسک) شانگلہ میں برفانی تودہ گرنے سے گھر میں موجود 18 افراد دب گئے۔ ادھر ہنزہ نگر میں پہاڑ سرکنے سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برف باری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شانگلہ میں بالائی مقام سابنی میں گھر پر برفانی تودہ آ گرا جس سے 18 افراد دب گئے۔ پولیس اور مقامی افراد امدادی کار روائیوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب عطا آباد جھیل کے قریب ہنزہ نگر کے علاقے میاچھر میں پہاڑ اپنی جگہ سے سرکنے لگا جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث میاچھر کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

زیر کاشت زمین اور درختوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ جیالوجیکل ماہرین علاقے کو عطا آباد سے زیادہ خطر ناک قرار دے چکے ہیں۔ مقامی افراد نے حکومت سے بر وقت اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے۔