کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں گینگ وار کا اہم کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
شہر قائد کے علاقے پٹیل پاڑہ میں جرائم پیشہ عناصر اور کالعدم تنظیموں کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے جس میں خواتین سمیت چار سو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ دوسری طرف کراچی کے علاقے لیاری میں گینگ وار کا اہم کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ایک خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں ملی ہیں لیاری کے علاقے بغدادی سے ملنے والی لاش کی شناخت اختر عرف اکو کے نام سے ہوئی ہے جو لیاری گینگ وار کے عزیز بلوچ گروپ کا کمانڈر تھا۔
ذرائع کے مطابق اختر عرف اکو کو مخالف گروپ نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا۔ لیاری کی لی مارکیٹ آئی اسپتال کے قریب سے ایک خاتون کی لاش ملی جسے تشدد کر کے قتل کیا گیا جبکہ ملیر 15 سے ایک شخص کی لاش ملی ہے دونوں لاشوں کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔