فلپائن: بس کھائی میں گرنے سے 14 افراد ہلاک، 31 زخمی

Philippines

Philippines

منیلا (جیوڈیسک) فلپائن کے شمالی پہاڑی علاقے میں سیاحوں کی ایک بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں دو غیر ملکیوں سمیت 14 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہو گئے۔

مقامی پولیس سربراہ سینیئر سپرنٹنڈنٹ اولیور انموڈیاس نے بتایا کہ بس میں 45 مسافر سوار تھے جو شمالی پہاڑی صوبے میں ایک دشوار گزار سڑک پر جا رہی تھی جب یہ 120 میٹرز (390فٹ) کھائی میں جا گری۔ ایک کینیڈین اور ایک ہالینڈ کے باشندے سمیت 14 افراد جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہو گئے۔

انموڈیاس نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں ہالینڈ کی ایک خاتون اور بس ڈرائیور شامل ہیں جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ مقامی پولیس ترجمان سپرنٹنڈنٹ ڈیوی ونسنٹے لیمونگ کا کہنا تھا کہ مشتبہ طور پر انسانی غلطی یا فنی خرابی حادثے کی وجہ ہو سکتی ہے کیونکہ وہاں کوئی ٹریفک نہیں تھی اور موسم صاف تھا۔

فلپائن میں انتہائی خستہ حال بسیں زمینی ٹرانسپورٹ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں تاہم یہ عموماً حادثات کا باعث بنتی ہیں جس سے قواعد و ضوابط کو سخت کرنے کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں۔