ایران سے درآمد ٹائلوں میں جعلسازی، ملکی صنعت خطرے میں پڑ گئی

Pakistan,Iran

Pakistan,Iran

اسلام آباد (جیوڈیسک) کسٹم عملے کی جانب سے ایران سے درآمد ہونے والی ٹائلوں میں جعل سازی پر قابو نہ پائے جانے کے سبب ملکی صنعت کا وجود خطرے میں پڑتا جا رہا ہے۔

چیئرمین پاکستان سرامک مینو فیکچرز ایسوسی ایشن سید مظہر علی ناصر کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو لکھے گئے ایس او ایس میں کہہ گیا ہے کہ ایران سے ٹائل کی درآمد جعل سازی کے تحت کی جا رہی ہے جس کی کلیئرنس کوئٹہ کا کسٹم عملہ کر رہا ہے۔

ایس او ایس کے مطابق ایران سے درآمد کئے جانے والے ٹائلز چھ امریکی سینٹ پر کئے جا رہے ہیں۔ اس وقت ٹائلز کی درآمد پر ڈیوٹی 35 فیصد عائد ہے جبکہ ایران سے 10 فیصد ڈیوٹی کی ادائیگی پر درآمد کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بجلی بحران سے نڈھال ملکی ٹائلز انڈسٹری پر حکومت نے رواں سال دو فیصد اضافی ٹیکس عائد کر کے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔ ایرانی ٹائلوں کی در آمد پر حکومت نے اقدامات نہ لئے تو ملکی انڈسٹری ختم ہو جائے گی۔