برلن (جیوڈیسک) امریکا اور یورپ کے درمیان ابھی جاسوسی پروگرام کے تنازعے کی گرد بیٹھی نہیں کہ ایک اور تنازع پیدا ہو چکا ہے۔ معاون وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ اور یوکرائن میں امریکی سفیر کے درمیان ہونے والی غیر سفارتی گفتگو پر جرمنی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
جرمن چانسلر انجیلا مارکل نے یوکرائن کے معاملے پر غیر سفارتی گفتگو پر معاون امریکی وزیر خارجہ وکٹوریا نولینڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جرمن حکومت کی خاتون ترجمان کرسٹین ورٹس نے کہا جرمن چانسلر نے امریکی اہل کار کے بیان کو مسترد کر دیا ہے اور وہ یورپی یونین کی وزیر خارجہ کیتھرین ایشٹن کے یوکرائن میں کردار سے مطمئن ہیں۔
وکٹوریا نولینڈ کی منظر عام پر آنے والی آڈیو ٹیپ میں امریکی سفیر کیساتھ یوکرائن میں کٹھ پتلی حکومت بنانے پر گفتگو کر رہی ہیں۔
اس موقع پر وہ یورپی یونین کو گالی بھی دیتی ہیں۔ وکٹوریا نو لینڈ غیر سفارتی زبان استعمال پر معافی مانگی ہے اور امریکی حکام نے آڈیو ٹیپ کے معاملے پر روس پر امریکی عہدے داروں کی جاسوسی کا الزام لگایا ہے لیکن وکٹوریہ نولینڈ کی گفتگو افشا ہونے کے بعد امریکا اور یورپ کے تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہو گیا ہے۔