کراچی پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 15 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کرنے کا دعوی

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے شہر میں گزشتہ 5 ماہ سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 10 ہزار 254 چھاپوں کے دوران 15 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کرنے اور ہزاروں کی تعداد میں ہتھیار برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔

پولیس کی جانب سے کراچی میں گزشتہ 5 ماہ سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ شاہد حیات کو پیش کی جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ پولیس نے 5 ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 10 ہزار 254 چھاپے مارکر 15 ہزار 671 ملزمان کو حراست میں لیا اگر اس تناسب سے اندازہ لگایا جائے تو پولیس نے ہر ماہ 3100 ملزمان کو گرفتار کیا تاہم گرفتار کئے گئے ملزمان میں سے 8 ہزار کے قریب ملزمان کو پولیس کی جانب سے کمزور چالان پیش کرنے پر ضمانتوں پر رہا کر دیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران 804 پولیس مقابلے بھی ہوئے اور 79 پولیس اہلکار اور افسران جاں بحق بھی ہوئے۔ پولیس نے آپریشن کے دوران 167 دستی بم، 200 کلو سے زائد بارودی مواد، 84 کلاشنکوف، 4 خود کش جیکٹس، 7 راکٹ لانچرز اور 3 ہزار 430 پستول سمیت 4 ہزار کے قریب ہتھیار بھی برآمد کئے۔