متحدہ کا 24 گھنٹے میں کراچی پولیس کی قیادت تبدیل کرنے کا مطالبہ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کے خلاف تعصبانہ کارروائیاں کی جارہی ہیں، 24 گھنٹے میں پولیس کی اعلیٰ قیادت کو تبدیل نہ کیا گیا تو ایم کیو ایم لائحہ عمل تیار کرے گی۔

واسع جلیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فہد عزیز کو شاہ فیصل پل پر گاڑی سے اتار کر حراست میں لیا گیا ،فہد عزیز کا تعلق یونٹ 79 سے ہے۔ پولیس نے ریحان قریشی کو بھی حراست میں لیا ہے۔ فہد اور ریحان کو رہا نہیں کیا گیا تو لائحہ عمل تیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف تعصبانہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں، فہد عزیز کو رخصتی کے دن حراست میں لیا گیا جبکہ یونٹ 136 کے کارکنون کو بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا، شہر میں اندھیر نگری چوپٹ راج چل رہا ہے۔

واسع جلیل نے صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ اور ڈی جی رینجرز سے اپیل کی ہے کہ فہد اور ریحان کو رہا کیا جائے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے میں پولیس کی اعلیٰ قیادت کو تبدیل نہیں کیا گیا تو ایم کیو ایم لائحہ عمل تیار کرے گی۔