اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت کی طرف سے مخصوص لابی کے دباؤ میں آکر سونے کی درآمد پر پابندی عائد کرنے سے ملک کی جیولری کی صنعت مشکلات کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ سونے کی اسمگلنگ میں بھی دگنا اضافہ ہو گیا ہے۔
اس ضمن میں جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ سہیل صادق کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حکومت فاریکس کا کاروبار کرنے والے چند عناصر کی مس گائیڈنگ کا شکار ہونے کے بجائے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی مفاد میں فیصلے کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے سونے کی درآمد پر ایک ماہ کیلیے پابندی عائد کرنے سے جیولری کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے کیونکہ سونے کی قانونی درآمد رکنے سے سونے کی اسمگلنگ بڑھ گئی ہے جس سے جیولری کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو اس سے جیولری کی صنعت برباد ہوجائے گی جس سے لاکھوں لوگوں کے بیروزگار ہونے کا خطرہ ہے۔