پشاور (جیوڈیسک) انسداد پولیو سمیت بچوں کو مختلف بیماریوں کی ویکسی نیشن کے لئے خیبر پختونخوا مہم کے تحت ’’صحت کا انصاف‘‘ مہم کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جس کے تحت 63 یونین کونسلز میں 5 سال سے کم عمر کے 5 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔
’’صحت کا انصاف‘‘ مہم کے دوسرے مرحلے میں پشاور کی 63 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر 5 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا رہے ہیں، مہم میں پہلی مرتبہ پولیو ورکرز اور رضا کاروں کے علاوہ پرائمری اور مڈل اسکول کے اساتذہ بھی حصہ لے رہے ہیں۔
ویکسی نیشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزارت داخلہ کے دفتر میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، شہر اور گرد و نواح کے علاقوں میں دفعہ 144 نافذ ہے اس کے علاوہ موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے دو ماہ قبل پشاور اور اطراف کے علاقوں کو دنیا بھر میں پولیو کے پھیلاؤ کی وجہ قرار دیا تھا جس کے بعد صوبائی حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے مہم کا آغاز کیا ہے۔