عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے تین روزہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں آگاہی واک
Posted on February 10, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
پیرمحل (میاں اسد حفیظ) عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے تین روزہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں آگاہی واک تحصیل کونسل پیرمحل سے اللہ چوک تک نکالی گئی جس کی قیادت ایم پی اے میاں محمد رفیق،اسسٹنٹ کمشنرتحصیل پیرمحل عمران عصمت پنوں سمیت محکمہ صحت و دیگر اداروں کے افسران نے کی واک میں ہر مکتبہ فکر کے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پولیو سے متعلقہ تحریریں درج تھیں۔
واک میں شریک افراد مختلف بازاروں کا چکر لگانے کے بعد شہر کے وسطی اللہ چوک میں جمع ہو گئے جہاں پر رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد رفیق،اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل عصمت عمران پنوں اور ڈاکٹر بالک علی سمیت دیگر معززین شہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند انسان ہی صحت مند معاشرے کو فروغ دیتا ہے۔ پولیو کو شکست دینے کیلئے حکومت جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔اپنے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے والدین پولیو کے قطرے شیڈول کے مطابق پلائیں ۔ہماری ذرا سی لا پرواہی بچے کو عمر بھر کیلئے معذور بنا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کی پڑھی لکھی کمیونٹی کم تعلیم یافتہ لوگوں میں پولیو بارے شعور آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ملک سے پولیو کو 100 % شکست دینے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو محکمہ صحت کے شانہ بشانہ جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ان پولیو اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض کی عدائیگی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر دیئے۔بعد ازاں ایم پی اے میاں محمد رفیق نے سول ہسپتال میںبچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد وصلی، طارق جاوید چیف آفیسر، محمد صدیق پیارا، اسر ار احمد پھلوری ، میا ں اسد حفیظ، ہیڈ ماسٹرز عبدالرزاق ،طارق ملک سمیت شہریوں اور طالب علموں نے کثیر تعدادنے شرکت کی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com