اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (س ) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ مذاکرات قومی معاملہ ہے، اس معاملے پرجذبات سے کام نہ لیا جائے، طالبان کی طرف سے حوصلہ افزا جواب آیا۔
اکوڑہ خٹک میں طالبان کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ کمیٹی اراکین نے میرانشاہ میں طالبان قیادت سے مذاکرات کیے، جو صبح تک جاری رہے، آئین کے دائرے میں رہ کر مذاکرات پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو کوشش کرنی چاہئے کہ مذاکرات کو نقصان نہ پہنچے۔ اس موقع پر طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان کی 10 رکنی سیاسی کمیٹی سے بامقصد مذاکرات ہوئے، طالبان نے مثبت جواب دیا ہے اور ہم پرامید ہیں، بات چیت کا سلسلہ آگے بھی چلے گا۔ یوسف شاہ نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران ڈرون طیارے بھی پرواز کرتے رہے۔