اسلامی جمعیت طلبہ ہمیشہ اساتذہ کے وقار کی علمبردار رہی ہے: ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب جنوبی

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب جنوبی کے ناظم عرفان حیدر نے کہا ہے اسلامی یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ پر غنڈہ گرد اور غیر طلبہ عناصر کا تشد د قابل مذمت ہے، جرائم پیشہ عناصرکے خلاف فوری کارروائی کی جائے، اسلامی یونیورسٹی میں گذشتہ دنوں اساتذہ کرام کو زدوکوب کیا گیا اور جب ان کی طرف سے مظاہرہ کیا گیا تو دوبارہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس اور انتظامیہ اساتذہ کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ہمیشہ سے اساتذہ کی عزت و وقار کی علمبردار رہی ہے۔ یونیورسٹی اساتذہ گذشتہ دس روز سے ہڑتال پر ہیں مگر حکام بالا، محکمہ تعلیم اورانتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔

ناظم پنجاب جنوبی کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ اور اساتذہ کو تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے پنجاب حکومت نے نگاہیں چرائی ہوئی ہیں، اسلامی جمعیت طلبہ اسلامی یونیورسٹی بہاولپور میں تکریم اساتذہ مہم چلائے گی اور اساتذہ کے عزت اور وقار کی بحالی کے لئے جد و جہد جاری رکھے گی، وزیر قانون، وزیر تعلیم اور وزیر اعلیٰ پنجاب واقعے کا نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کریں#