نیہا شرما کی فلم ”ینگستان“ کا ٹریلر اور پوسٹر جاری کر دیا گیا

Youngistaan

Youngistaan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ نیہا شرما کی فلم ”ینگستان“ کا نیا ٹریلر اور پہلا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ سید احمد افضال کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں نیہا شرما اور جیکی بھاگنانی کے علاوہ بومن ایرانی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ یہ فلم مرحوم اداکار فاروق شیخ کی آخری فلم ہے جس میں انھوں نے اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔

بھارتی سیاست کے گرد گھومتی فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے متعلق ہے جو جاپان میں تعلیم حاصل کررہا ہوتا ہے اور اس کا والد بھارت کا وزیر اعظم ہوتاہے جو اچانک انتقال کرجاتا ہے جس پر اس 28 سالہ نوجوان کو وزیر اعظم بنا دیا جاتا ہے اور یہ کردار اداکار جیکی بھاگنانی ادا کررہے ہیں جب کہ نیہا شرما اس کی محبوبہ کے کردار میں ہیں۔

دونوں باڈی گارڈز اور سیکرٹ سروسز کے افراد کے گھیرے میں ملاقاتیں کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کے وعدے کرتے ہیں۔ چار موسیقاروں جیت گنگولی، سنیہا خانوالکر، شیراز اپل اور شیری عشق کی موسیقی سے سجی یہ فلم 28 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔