لاہور (جیوڈیسک) نجم سیٹھی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پی سی بی چیئرمین آفس میں نام کی تختی بھی تبدیل کر دی گئی۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے تمام اراکین نے مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب کیا ہے۔ مجھے پی سی بی کے آئین کے تحت منتخب کیا گیا۔
لاہور میں قذافی سٹیڈیم کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے تمام اراکین نے مجھے ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے میرا انتخاب آئین کے مطابق ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آئین کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کمیٹی بنائی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا۔ حکومتی نوٹی فیکیشن کے بعد کمیٹی کے کچھ اراکین لاہور آ گئے ہیں جبکہ باقی کل آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں بگ تھری کیخلاف کیس درست طریقے سے نہیں لڑا گیا۔
ان تمام معاملات کو اب درست کرنا پڑے گا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین بنایا جائے۔ تمام سٹک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے پی سی بی کا آئین بنائیں گے۔
اب ہمیں مکمل اختیارات ملے ہیں۔ میڈیا کو کام کر کے دکھائیں گے۔ دوسری جانب پی سی بی کے رکن مینجمنٹ کمیٹی شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے کرپٹ ترین ذکاء اشرف کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
ذکاء اشرف نے تمام تعیناتیاں غلط کیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کو تباہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر سہیل اور باسط علی کی تعیناتیاں غلط ہوئی ہیں۔ ان کی تعیناتیوں کو واپس لیا جائے گا جبکہ معین خان کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی کریں گے۔ تمام فیصلے میرٹ پر کئے جائیں گے۔