اسلام آباد (جیوڈیسک) مشترکہ مفادات کونسل نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ قومی مفاد میں سرکاری اداروں کی نجکاری ہی واحد حل ہے۔
مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا، کونسل نے تھرکول منصوبے کیلئے حکومتی گارنٹی دینے کی منظوری دے دی۔ مستقبل میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے تمام منصوبوں کی حکومتی گارنٹی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کونسل نے پی پی ایل، او جی ڈی سی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے 20 فیصد حصص کی خریداری پر وزارت خزانہ کو صوبوں سے مشاورت کی ہدایت کی ہے۔
کونسل نے نیپرا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کو چلانے کیلئے وسائل محدود ہیں۔