اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کا کردار انتہائی شرمناک ہے اور اب ہمیں صرف سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جس طرح خوشاب میں ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کا ٹائم ایک گھنٹہ آگے بڑھا عوام کا مینڈیٹ چرایا وہ انتہائی شرمناک ہے، عوام کا مینڈیٹ چرانا آئین کی خلاف ورزی ہے، دھاندلی کرانے والوں کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سخت کارروائی ہونی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے، آج تاریخی فیصلہ ہو گا، ہمیں صرف سپریم کورٹ سے ہی انصاف کی امید ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے 4 حلقوں میں انگوٹھوں کی تصدیق کے حوالے سے سپریم کورٹ جا رہا ہوں، 2 حلقوں میں بھی انگوٹھوں کی تصدیق ہو گئی تو سب کچھ واضح ہو جائے گا، حکومت انگوٹھوں کی تصدیق کے عمل سے کیوں ڈر رہی ہے؟ اگر انگوٹھوں کی تصدیق کرائی گئی تو اپنا ایک نمائندہ بھی ساتھ بٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پرانے چیرمین نادرا پر مکمل اعتماد تھا، نئے چیرمین کو جانتے ہی نہیں کہ وہ کون ہے، جس طرح چیر مین نادرا کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہمارے شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔