24 گھنٹوں میں لاپتا کارکنان کا پتا لگایا جائے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی

Haider Abbas Rizvi

Haider Abbas Rizvi

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے مطالبہ کی ہے کہ 24 گھنٹوں میں 45 لاپتہ کارکنان کو بازیاب کیا جائے اگر کارکنان کا پتہ نہ لگایا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ متحدہ کے کارکنان کو قانون نافذ کرنے والے ادارے جھوٹے مقدمات میں پکڑ کر لے جاتے ہیں، جس کے بعد انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز پر شادی کی رات جسم کے مخصوص حصوں پر تشدد کیا گیا، زیر حراست محمد عادل کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جنہیں نیم مردہ حالت میں بھائی کے حوالے کیا گیا جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر ہوسکے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 24 گھنٹوں میں لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ، تشدد کے دوران ہمارے کارکنان کو گالیاں دی جاتی ہیں، ہمارے باپ، دادا نے 200 سال آزادی کی جنگ لڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اگر کہتی ہے کہ انہیں اس حوالے سے آگاہ کیا جائے تو اس کی لاعلمی ہے۔