لاپتہ افراد کیس، اٹارنی جنرل نے 8 افراد کی فہرست عدالت میں جمع کرا دی

Peshawar High Court

Peshawar High Court

پشاور (جیوڈیسک) پشاور ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آٹھ لاپتہ افراد کی فہرست عدالت میں پیش کر دی۔

پشاور میں 101 لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس فصیح الملک اور جسٹس اکرام اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل فاروق شاہ نے عدالت میں آٹھ لاپتہ افراد کی فہرست پیش کی۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس فصیح الملک نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کو زمین کھا گئی یا آسمان، یوں لگتا ہے کہ ساری عمر گزر جائے گی لیکن لاپتہ افراد کا پتہ نہیں چلے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو مذاق بنا دیا گیا ہے کیا یہاں جنگل کا قانون ہے کہ کوئی پوچھنے والا نہیں۔

سات ماہ سے ٹاسک فورس کا سنتے آ رہے ہیں بتایا جائے کہ ان کی کارکردگی کیا ہے۔ لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔