ایم ڈبلیو ایم نے بے گناہ اسیروں کی رہائی کے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا

راولپندی: مجلس وحدت مسلمین نے سانحہ راولپنڈی کی آڑ میں گرفتار کئے گئے بے گناہ اسیروں کی رہائی کے لئے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا، یہ اعلان ایم ڈبلیو ایم کے راولپنڈیکے ضلعی سیکرٹری جنرل سید سعیدالحسن رضوی اور اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر عباس نقوی نے اسیران رالپنڈی کی رہائی کے حوالے منعقدہ مشترکہ اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں راولپنڈی و اسلام آباد کے ماتمی دستوں کے سالاران، امامبارگاہوں کے متولیان، آئی ایس او، امامیہ آرگنائزیشن اور ایم ڈبلیو ایم کے عہدیدارن و کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی، این ڈبلیو ایم کے راہنمائوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے، چاردیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے بے گناہ افراد کو گرفتار کیا اور یہ تمام تر کاروائی حکومت پنجاب کے ایماپر کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا جانبدارانہ رویہ ناقابل برداشت ہے، اگر بلاجواز گرفتار کئے گئے شیعہ جوانوں کو رہا نہ کیا گیا تو مجلس وحدت مسلمین سولہ فروری کو کمیٹی چوک راوالپنڈی میں بھر پور احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے حکومت پنجاب باقاعدہ ایک فریق کا کردار ادا کر رہی ہے اور جیل حکام اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران پر دباو ڈالا جا رہا ہے کہ ملت تشیع کے مزید بے گناہ افراد کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا سکے۔

مجلس وحدت رہنما نے کہا ہے کہ ہمیں ان گھناونے ہتھکنڈوں سے ہمیں مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ یزیدیت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا ہنرہمیں آغوش مادر میں سکھا یا جاتا ہے،ہم نہ اسیری سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی شہادت ہمیں خوفزدہ کر سکتی ہے ، ہم اس بات کی قطعاََ اجازت نہیں دیں گے کہ ہمارے بے گناہ اور معصوم افراد کو بلا وجہ پابند سلاسل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے دوران احتجاج کے ابتدائی مرحلے پر اعلی حکام سے مذاکرات اور پریس کانفرنس کے ذریعے اپنا موقف واضح کیا جائے گا۔

دریں اثناملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں 16 فروری بروز اتوار دن دو بجے کمیٹی چوک میں ایک بھرپور احتجاج کیا جائے گا جس میں اسیران کے خاندانوں کے علاوہ ضلع بھر کی ماتمی سنگتیں، بانیان مجالس اور مومنین شرکت کریں گے۔