لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی اچھے انسان ہیں ان کا کردار قوم کے سامنے ہے لیکن عمران خان کا اپنا کردار انتہائی شرمناک ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کے بیانات سے لگتا ہے کہ مذاکرات کامیابی کی طرف جارہے ہیں، مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان حوصلہ افزا باتیں کی جارہی ہیں اور امید ہے کہ قیام امن کے لئے اختیار کئے گئے راستے س مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی رہنماؤں کو مذاکرات پر بیان بازی سے گریز اور مذاکراتی کمیٹیوں کے مشترکہ اعلامیے کا انتظار کرنا چاہئے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ قطعی طور پر کوئی سیاسی عہدہ نہیں، ذکااشرف کو کرکٹ بورڈ پر قابض نہیں ہونا چاہئے تھا، وزیراعظم نے کرکٹ کے مفاد میں فیصلہ کیا اور کوئی غیرجمہوری کام نہیں کیا، پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین کے لئے حکومت کی جانب سے نجم سیٹھی کو نامزد نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کے کردار کے حوالے سے کسی کو کوئی شک نہیں اورپوری قوم انہیں جانتی ہے لیکن عمران خان کا اپنا کردار انتہائی شرمناک ہے۔