صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اسپورٹس گرائونڈ کو آباد کیا جائے گا

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ہر شعبے میں عوام کو سہولیات پہنچانے کے لئے شب روز مصروف ہیں نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے روک تھام اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اسپورٹس گرائونڈ کو آباد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول، میونسپل کمشنر طلعت محمود اور شاہ فیصل زون کے متعلقہ افسران کے ہمراہ حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کے ترقیاتی فنڈز سے شاہ فیصل کالونی یونین کونسل نمبر 6 کے علاقے رفاہ عام میں نو تعمیر رفاہ عام جیم خانہ گرائونڈ کا تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ رفاہ عام جیم خانہ گرائونڈ کو ضلع کورنگی کا مثالی اسپورٹس گرائونڈ بنا یا جائے گا انہوں نے اس موقع پر گرائونڈ میں سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کہ پارک کے اسٹینڈرڈ کو قائم و دائم رکھنے کے لئے اس کی دیکھ بھال کا موثر انتظام کیا جائے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ ضلع کورنگی کے تمام اسپورٹس گرائونڈ کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اسپورٹس گرائونڈ کو آباد رکھ کر نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے محکمہ پارکس ڈی ایم سی کورنگی کو ہدایت کی کہ پارکس اور اسپورٹس گرائونڈ کی ترقی اور تزئین و آرائش کے ساتھ اسے سرسبز بنا یا جائے انہوں نے محکمہ پارکس شاہ فیصل زون کو ہدایت کی کہ رفاہ عام جیم خانہ اسپورٹس گرائونڈ میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔