کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس احمد علی شیخ پر مشتمل سنگل بینچ نے درخواست گزار محمود اختر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے مقرر کئے گئے چاروں معاونین اور فریقین کے وکلا نے دلائل مکمل کرلئے، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جسے اگلی سماعت میں سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس نواز شریف کی جانب سے کراچی میں فاضل ججوں کے حوالے سے کہا تھا کہ مجرم کے اعتراف جرم کے باوجود جج اس کے حق میں فیصلہ لکھتے ہیں، جس پر عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم نے عدالت کی توہین کی ہے اس لئے انہیں بھی اسی طرح عدالت میں طلب کیا جائے جسے یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف کو طلب کیا گیا تھا۔