اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل کو بہتر انداز میں لے کر آگے چل رہے ہیں، اے پی سی میں ہونے والے فیصلوں کے مطابق پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں یہ مفروضے ہیں کہ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی پرڈرون حملہ ہو گا، طالبان کی جانب سے آئین کو تسلیم کرنے کی بات خوش آئند ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں وزیراعظم سنجیدہ ہیں اور وہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کرقومی اتفاق رائے سے فیصلے کر رہے ہیں۔
سردار یوسف نے کہا ہے کہ نئی حج پالیسی میں کرپشن کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، قربانی کی رقوم پہلے کاٹ دی جاتی تھی مگر اب ایسا نہیں ہو گا بلکہ قربانی حجاج خود اپنی نگرانی میں اپنے ہا تھوں سے کریں گے۔
انھوں نے کہاکہ ٹور آپریٹرز جعلی شناختی کارڈز کے ذریعے افغان مہاجرین کو سعودی عرب حج پر لے جاتے ہیں جبکہ اس اقدام سے پاکستان حجاج اکرام کی نہ صرف حق تلفی ہوتی ہے بلکہ ملک بھی بدنام ہوتا ہے رواں سال اس عمل کو روکنے کیلیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔