اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر اب بھی جاری ہے اور رابطہ سڑکیں بند ہیں، جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب سندھ اور پنجاب کے زیادہ ترعلاقوں میں سردی کی شدت میں کمی آنے لگی ہے۔
مالاکنڈ ڈویژن میں مالم جبہ، کالام، میاندم اور چترال میں برفباری تھم گئی ہے پر ٹھنڈ ی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ مری میں سردی کے ساتھ ساتھ موسم آبر آلود ہے۔ اب بھی سیاح موسم سے خوب لطف اندوز ہونے آرہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں سردی کے بعد موسمی بیماریوں نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔
ضلع استور، دیامر، میں راستوں کی بندش اور ادویات کی قلت سے مقامی لوگوں کو مشکلات اٹھانی پڑ رہی ہیں۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں اب بھی سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ پنجاب اور سندھ میں ہلکی گرمی کا احساس ہونے لگا ہے ادھر محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات، ژوب، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔