پنجاب حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور ریلیف کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے

مصطفی آباد/للیانی: پنجاب حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، خود روزگار بینک، ہیلتھ انشورنس سکیم اور پنجاب خدمت کارڈ کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ خود روزگار سکیم کے تحت 4 ارب 80 کروڑ روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔

بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام سے 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد غریب خاندان مستفید ہوئے ہیں۔ مستقبل میں بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کو مزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن قصور کے ضلعی نائب صدر ملک خرم نصراللہ خاں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ انتہائی کم وسیلہ طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔

مستحق افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے بلاسود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ بلا سود قرضے مستحق افراد میں شفاف انداز میں صرف اور صرف میرٹ پر تقسیم کئے گئے ہیں اور قرضوں کی واپسی کی شرح 99.8 فیصد ہے۔ بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لئے خود روزگار بینک کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔