نجکاری کے نام پر حکمران ٹولہ تاریخی ڈکیتی کرنے والا ہے۔ حامد رضا

گوجرانوالہ: سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نجکاری کے نام پر حکمران ٹولہ تاریخی ڈکیتی کرنے والا ہے۔ قومی اداروں کی نجکاری ملکی معیشت پر خود کش حملہ ثابت ہو گا۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ قومی اداروں کی نجکاری کرنے کی بجائے ان کو مضبوط بنانے کیلئے خامیوں کو دور کرئے۔

اداروں کی نجکاری سے ثابت ہو رہا ہے کہ حکمران میں ادارے چلانے کی صلاحیت نہیں۔ انہوں نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویلنٹائن اور بسنت تہوار نوجوانوں کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔ مغربی اور ہندوانہ کلچر کو فروغ دینے والے ملکی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ دہشتگردی کو جاری رکھ کر مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہو سکتے۔بیک وقت مذاکرات اور دہشتگردی گھنائونا کھیل انتہائی خطرناک اور لمحہ فکریہ ہے۔ گلے کاٹنے والوں سے مذاکرات آئین کو سولی پر چڑھانے کے مترداف ہے۔

طالبان گمراہی اور جہالت کے راستے پر گامزن ہیں۔ حکومت مذاکرات کے نام پر قوم سے مذاق بند کرئے۔ طالبان سے شہداء کے خون کا قصاص طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان قیدیوں کو رہائی کا اختیار نہیں رکھتی۔ قوم دہشتگردوں سے ماورائے آئین معاملات طے کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

ریاست کے باغیوں سے مفاہمت نہیں مزاحمت ہونی چاہیے۔ حکمران طالبان کے غیر آئینی اور غیر شرعی مطالبات ماننے سے باز رہیں۔

حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے رٹ قائم کریں۔ سفاک دہشتگرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں۔انسانی جان کی حرمت کو پامال کرنے والے شریعت کے علمبردار نہیں ہو سکتے۔